جو علم خدا تک نہ پہنچائے وہ جہل ہے
فرمایا کہ ندوۃ العلماء کا اول یا دوسرا جلسہ کانپور میں ہوا تھا ایک فاسد المذہب عالم بھی آئے تھے انہوں نے کہا کہ میں ۷۲ علم کا عالم ہوں۔ مولوی محمد شاہ صاحب رامپوری نے اسی کا بیان رد کردیا تھا۔ اول یہ آیت پڑھی تھی:۔
قُلْ اَفَغَیْرَ اللّٰہِ تَاْمُرُوْٓنِّیْٓ اَعْبُدُ اَیُّھَا الْجٰھِلُوْنَ
کہ دیکھو اس آیت میں حق تعالیٰ نے جن لوگوں کو خطاب کیا ہے ان میں بڑے بڑے عاقل و عالم ہی تھے پھر ان کو بھی ایہا الجاہلون سے خطاب کیا ہے اس ارشاد سے معلوم ہوا کہ جو علم خدا تک نہ پہنچائے وہ جہل ہے علم نہیں ہے ۷۲ اور ۷۳ علم سے کچھ نہیں ہوتا۔ مولوی صاحب کو اس وقت خوب جوش تھا۔
(ملفوظات حکیم الامت جلد نمبر ۱۷)
