جنت کا راستہ
حضرت علامہ جلال الدین صاحب سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے کنزل العمال کی روایت سے نقل فرمایا کہ ایک مرتبہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت مبارک میں ایک شخص (سائل) نے حاضر ہو کر چند اہم اور ضروری باتوں کے متعلق سوالات کئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حمد و ثناء کے بعد جوابات ارشاد فرمائے، ان سوالات و جوابات کا ترجمہ حسب ذیل ہے:۔
سائل: اے اللہ تعالیٰ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ! میں چاہتا ہوں کہ ایک بڑا عالم بن جائوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو اللہ سے ڈرتا رہ، بس بڑا عالم بن جائے گا، یعنی اللہ کا خوف اور اس کے حکموں پر عمل، علم و حکمت کے خزانے خود ہی فراہم کردیں گے۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ دولت مند بن جائوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو قناعت اختیار کر مالدار ہوجائیگا۔
سائل: میری خواہش ہے کہ سب سے بہتر شخص ہوجائوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : سب سے بہتر وہ ہے جو لوگوں کو نفع پہنچائے۔
سائل: میں سب سے عادل شخص بننا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اگر تو سب کے لئے بھی وہی پسند کرے گا جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔ تو سب سے زیادہ منصف اور عادل شخص بن جائے گا۔
سائل: میں اللہ تعالیٰ کے دربار میں مقرب بننا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : ذکر الٰہی میں مصروف رہ تو تیری خواہش پوری ہوجائیگی۔
سائل: میں محسنوں اور نیکو کاروں میں سے ہونا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اللہ تعالیٰ کی اس طرح عبات کر گویا تو اسے دیکھ رہا ہے، اگر یہ ممکن نہ ہو تو (اس طرح کر جیسے) وہ تجھ کو دیکھ رہا ہے۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ میرا ایمان مکمل ہوجائے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اپنے اخلاق درست کرلے، تیرا ایمان مکمل ہوجائے گا۔
سائل: میں اطاعت گزاروں میں سے بننا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اپنے فرائض ادا کرتا رہ، مطیع افراد میں تیرا شمار ہوگا۔
سائل: میں اللہ تعالیٰ کے سامنے اس حال میں حاضر ہوں کہ تمام گناہوں سے پاک ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو جنابت سے غسل کر، اس کی برکت سے روز جزا گناہوں سے پاک اٹھے گا۔
سائل: میری خواہش ہے کہ حشر میں نور کے ساتھ اٹھایا جائوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو کسی پر ظلم نہ کر، قیامت کے دن نور میں اٹھے گا۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھ پر رحم کرے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو اپنی جان اور خلق پر رحم کر، اللہ تعالیٰ تجھ پر رحم کرے گا۔
سائل: میں چاہتا ہوں میرے گناہ کم ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو استغفار کثرت سے کیا کر، تیرے گناہ کم ہوجائیں گے۔
سائل: میں بزرگ بننا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : مصیبت میں لوگوں سے اللہ کی شکایت نہ کر، بزرگ ہوجائیگا۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ میرے رزق میں وسعت ہو۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو ہمیشہ باطہارت رہ، تیرے رزق میں برکت ہوگی۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دوست بن جائوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : جو چیزیں اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پسند ہیں ان کو پسند کر اور جس سے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نفرت ہے ان سے نفرت کر۔
سائل: میں اللہ کے غضب سے بچنا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : کسی پر بے جا غصہ نہ کر اللہ تعالیٰ کے غضب سے محفوظ رہیگا۔
سائل: میں اللہ تعالیٰ کے دربار میں مستجاب الدعوات بننا چاہتا ہوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو حرام چیزوں اور حرام باتوں سے بچ۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھ کو قیامت میں سب کے سامنے رسوا نہ کرے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اپنی شرمگاہ کی حفاظت کر، اللہ تعالیٰ تجھ کو رسوا نہ کرے گا۔
سائل: میں چاہتا ہوں کہ اللہ میرے عیب چھپالے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : تو اپنے بھائیوں کے عیب چھپا، اللہ تعالیٰ تیرے عیب پر پردہ پوشی کریگا۔
سائل: میری غلطیاں کیسے معاف ہوں گی؟
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : خوف خدا سے رونے، خدا سے عاجزی کرنے اور بیماریوں سے۔
سائل: کونسی نیکی اللہ کے نزدیک افضل ہے؟
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : اچھے اخلاق انکساری، مصیبتوں پر صبر اور اللہ کے فیصلوں پر خوشی کا اظہار۔سائل: اللہ کے نزدیک سب سے بڑی برائی کیا ہے؟
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : بد ترین اخلاق اور کنجوسی۔
سائل: کونسا عمل اللہ کے غضب کو روکتا ہے؟
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : پوشیدہ طور سے صدقہ دینا اور قرابت داروں کا حق ادا کرنا، اور ان سے سلوک و احسان سے پیش آنا۔
سائل: جہنم کی آگ کو کونسی چیز بجھائے گی؟
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم : نماز اور روزہ۔(کنز العمال و جامع صغیر) (شمارہ نمبر 10)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

