تقلید کی برکت سے تحقیق نصیب ہوتی ہے

تقلید کی برکت سے تحقیق نصیب ہوتی ہے

ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جی ہاں مقلدبن کر تقلید کی برکت سے تو محقق ہوسکتا ہے اور بدون اس کے محقق نہیں ہوسکتا اس کی بالکل ایسی مثال ہے کہ بچہ اگر الف ب ت شروع کرے اور وہ کہے کہ اس کی کیا دلیل ہے کہ یہ الف ہے یعنی ابتداء ہی سے محقق بننا چاہے تو بس وہ پڑھ چکا اور تم اس کو پڑھا چکے اس بچہ سے یہی کہا جائے گا کہ دلیل مانگنا اور محقق بننے کی کوشش فضول ہے اس وقت تقلید ہی سے مان لو تو گوگھڑ کر اُلٹی سیدھی دلیل بھی تراشی جاسکتی ہے اور اسی سے اس کا جواب بھی دیا جاسکتا ہے مگر دیکھنا یہ ہے کہ وہ جواب مقبول ہے یا مردود‘ دیکھئے حق تعالیٰ کے سوال کے جواب میں شیطان نے بھی کہہ دیا تھا کہ
خلقتنی من نارو خلقتہ من طین
آگ افضل ہے اور طین یعنی خاک ارذل ہے تو افضل کو ارذل کے سامنے جھکانا خلاف حکمت ہے تو دیکھئے جواب تو یہ بھی ہے کہ مگر یہ دیکھئے کہ اس جواب پر شیطان کا کیا حشرہوا کس کو معلوم نہیں اور حق تعالیٰ نے اس جواب پر جو جواب ارشاد فرمایا وہ بھی معلوم ہے۔ وہ جواب یہ ہے کہ ’’اخرج منہا‘‘ نکل یہاں سے جوکہ حاکمانہ جواب ہے گو اس کا حکیمانہ جواب بھی حق تعالیٰ فرماسکتے تھے مگر یہ اسی وقت ہوتا جبکہ یہ اُمید ہوتی کہ مخاطب میں فہم و انصاف ہے کہ کوڑ مغز نہیں اور جب یہ معلوم ہے کہ مخاطب بدفہم ہے سمجھے گا نہیں یا اگر سمجھ بھی لے مگر سوال میں نیت اچھی نہیں تو اس وقت حکیمانہ جواب نہ دیا جائے گا حاکمانہ جواب دیا جائے گا۔
پس حاکمانہ جواب کا سنت اللہ ہونا بھی ثابت ہے آج کل یہ طرز علماء کو اختیار کرنا چاہیے کہ اگر مخاطب فہیم ہے اور محض تحقیق مقصود ہے تب تو حکیمانہ جواب دینا چاہیے اور اگر یہ بات نہیں بلکہ اس کا عکس ہے تو حاکمانہ جواب دینا چاہیے۔ علی گڑھ میں ایک صاحب نے جو لکھے پڑھے تھے انگریزی بھی عربی بھی مجھ سے ایک حکیم کی حکمت کا سوال کیا‘ میں نے کہا کہ اگر حکمت نہ معلوم ہو تو نقصان کیا ہے کہا کہ نقصان تو کچھ نہیں لیکن معلوم ہونے میں نفع ہے میں نے کہا کہ کیا نفع ہے کہا کہ اطمینان میں نے کہا کہ خود ایسے اطمینان کے مطلوب ہونے کی کیا دلیل ہے کہا کہ اگر اطمینان مطلوب نہ ہوتا تو ابراہیم علیہ السلام یہ نہ عرض کرتے ’’ولکن لیطمئن قلبی‘‘۔
میں نے کہا کہ یہ کیا ضرور ہے کہ جو چیز ابراہیم علیہ السلام کو نافع ہو‘ آپ کو بھی نافع ہو‘ اس کی کیا دلیل ہے اس پر کچھ نہیں بولے‘ خاموش ہوگئے اور اُٹھ کر چل دیئے‘ میں نے کہا کہ ایک بات اور سنتے جایئے‘ شاید آپ کو یہ خیال ہو کہ اس کا جواب ان کے پاس نہ تھا۔ الحمدللہ جواب ہے مگر نہیں بتلاتے اور میں نے یہ شعر پڑھا:۔
مصلحت نیست کہ از پردہ بروں افتد راز ورنہ
در مجلس رنداں خبرے نیست کہ نیست
اب ایسے جواب پر زیادہ سے زیادہ کوئی کہے گا کہ ان کو کچھ آتا جاتا نہیں‘ سو کہا کرے مگر اصول کو کسی کے کہنے سننے سے نہیں چھوڑا جاسکتا۔ اگر ساری دنیا حق تعالیٰ کے وجود کا انکار کرے تو حق تعالیٰ کا کیا ضرر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کرے تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا ضرر اس کی ایسی مثال ہے کہ ایک شخص مالدار ہے اور دنیا اس کو غیرمالدار کہے تو اس کا کیا ضرر اور نہ اس کو اس کی ضرورت ہے کہ وہ اپنا مالدار ہونا ثابت کرے بلکہ وہ مالدار اس پر مسرور ہوگا کہ اچھا ہے یہ جہل ہی میں مبتلا رہے وہ اسی میں اپنی خیر اور راحت سمجھتا ہے اور اس کی بدفہمی اور حماقت سے مزے لے گا اور بتلانے کی کوشش نہ کرے گا۔(ملفوظات حکیم الامت جلد۲)

Most Viewed Posts

Latest Posts

تقلید کا دور کبھی ختم نہیں ہو سکتا

تقلید کا دور کبھی ختم نہیں ہو سکتا حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:۔۔’’اجتہاد فی الدین کا دور ختم ہو چکا توہو جائے مگر اس کی تقلید کا دور کبھی ختم نہیں ہو سکتا‘ تقلید ہر اجتہاد کی دوامی رہے گی خواہ وہ موجودہ ہو یا منقضی شدہ کیونکہ...

read more

طریق عمل

طریق عمل حقیقت یہ ہے کہ لوگ کام نہ کرنے کے لیے اس لچر اور لوچ عذر کو حیلہ بناتے ہیں ورنہ ہمیشہ اطباء میں اختلاف ہوتا ہے وکلاء کی رائے میں اختلاف ہوتا ہے مگر کوئی شخص علاج کرانا نہیں چھوڑتا مقدمہ لڑانے سے نہیں رکتا پھر کیا مصیبت ہے کہ دینی امور میں اختلاف علماء کو حیلہ...

read more

اہل علم کی بے ادبی کا وبال

اہل علم کی بے ادبی کا وبال مذکورہ بالا سطور سے جب یہ بات بخوبی واضح ہوگئی کہ اہل علم کا آپس میں اختلاف امر ناگزیر ہے پھر اہل علم کی شان میں بے ادبی اور گستاخی کرنا کتنی سخت محرومی کی بات ہے حالانکہ اتباع کا منصب یہ تھا کہ علمائے حق میں سے جس سے عقیدت ہو اور اس کا عالم...

read more