تاویل وہ کرو جو خدا کے سامنے بیان کرسکو
ملفوظاتِ حکیم الامت مجددالملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ تاویل وہ کرو جو خدا کے سامنے بیان کرسکو اور بس میں سب کو یہی معیار بتلاتا ہوں کہ جس بات سے دل میں کھٹک پیدا ہو اور تم تاویل سے اس کو رضاۓ حق پر منطبق کرنا چاہو تو دل سے پوچھ لو کہ یہ تاویل خدا تعالیٰ کے سامنے بھی بیان کر سکتا ہے ؟ یقیناً غلط تاویل کے متعلق دل ایک بار تو ضرور یہ کہہ دے گا کہ خدا کے سامنے یہ بات نہیں چل سکتی ۔ بس اس سے سمجھ جاؤ کہ یہ بات بنائی ہوئی ہے اور اگر اب نہیں سمجھو گے تو وہ وقت بہت جلد آنے والا ہے جس میں اچھی طرح ان تاویلوں کی حقیقت سمجھا دی جاۓ گی ۔ حق تعالی فرماتے ہیں : *يوم تبلى السرائر فماله من قوة ولا ناصر*
( ترجمہ : جس دن تمام پوشیدہ باتوں کی جانچ ہوگی تو انسان کے پاس نہ اپنا کوئی زور ہوگا نہ کوئی مددگار )
گھبراؤ نہیں انکشاف سرائر( یعنی خفیہ باتوں کے انکشاف ) کا وقت بھی عنقریب آنے والا ہے ، اس وقت ان تاویلوں کو بیان کرنا جن سے آج تم دل کی کھٹک کو دبا ر ہےہو۔ پس سلامتی اسی میں ہے کہ جس کام میں کھٹک ہواور جس میں علماء کا اختلاف ہو تو وہاں اس شخص کا اتباع کرو جس پر زیادہ اعتقاد ہو۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالمتین بن حسین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

