بڑوں کو بڑے ہی پہچانتے ہیں
مولانا دیو بندیؒ نے فرمایا کہ بڑوں کو بڑے پہچانتے ہیں چھوٹوں کو چھوٹے۔ اولیاء متوسطین کو لوگوں نے پہچانا ہے اور کاملین کو عوام نے نہیں پہچانا۔ اسی طرح انبیاء کرام علیہم السلام کو لوگوں نے کم پہچانا ہے۔ اولیاء کاملین کا تعلق بھی انبیاء کرام علیہم السلام سے ہوتا ہے۔ انبیاء کرام علیہم السلام کا عدم اخفاء باعث اخفاء ہوگیا۔ مثلاً نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت عائشہ صدیقہؓ کو فرمانا۔ آئو دوڑیں۔ کون آگے ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ حضرت عائشہؓ آگے بڑھ گئیں اور دوسری مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم آگے بڑھ گئے۔ حضرت والا قطب الارشاد والتکوین نے فرمایا کہ میں حیران تھا کہ حضور کا حجرہ چھوٹا تھا یہ دوڑنا کیسے ہوا۔ آخر مسند امام حنبل ؒمیں یہ حدیث ملی کہ یہ واقعہ سفر میں ہوا لوگوں سے فرمادیا ہوگا کہ ادھر نہ دیکھنا یا آنکھیں بند کردو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ قافلہ سے دوریہ واقعہ پیش آیا ہو۔(ملفوظات حکیم الامت جلد نمبر ۱۵)
