ایک فقیر کا عجیب واقعہ
جامع مسجد دہلی کے دروازے پر ایک معذور آدمی بیٹھا بھیک مانگ رہا تھا۔ ایک انگریز وہاں مسجد کودیکھنے کیلئے آیا۔ ہم نے بھی دیکھا کہ جامع مسجد کو انگریز دیکھنے کیلئے آتے جاتے ہیں۔ وہ انگریز بڑاعہدہ رکھتا تھا۔ جب وہ اس فقیر کے پاس سے گزرا تو اس نے سلوٹ مارا تاکہ کچھ دے جائے۔ چنانچہ اس انگریز نے اسے کچھ پیسے دے دیئے۔ انگریز باہر کھڑے ہو جاتے ہیں جوتوںکی جگہ پر، اندر داخل نہیں ہوتے۔ مسجد کے نقش ونگار اورعظمت ایسی ہوتی ہے کہ اللہ کے گھر کے سامنے ہی انہیں سکون مل جاتا ہے۔ وہ انگریز مسجد کودیکھ کر چلاگیا۔ گھر جا کر اسے معلوم ہوا کہ جس بٹوے سے پیسے نکال کردیئے تھے وہ بٹوا جیب میں نہیں ہے۔ پیسے بھی کافی تھے اور پتہ بھی نہیں کہ کہاںگرے ہوںگے ۔ خیر بات آئی گئی ہوگئی۔
ایک ہفتہ بعد پھر اسے چھٹی ہوئی۔ اس کی بیوی نے کہا کہ تم مسجد دیکھ آئے تھے مجھے بھی دکھائو۔ چنانچہ چھٹی والے دن وہ اپنی بیوی کو لے کر پھر مسجد دیکھنے کیلئے آیا۔ جب وہ انگریز اس معذور فقیر کے پاس سے گزرنے لگا تو وہ فقیر فوراً کھڑا ہو گیا اوراس سے کہا، آپ پچھلی دفعہ آئے تھے، مجھے پیسے دیئے تھے اس کے بعد آپ بٹوا جیب میں ڈالنے لگے، تھوڑی دور آگے جا کر بٹوا گر گیا اور میں نے اٹھا لیا، یہ بٹوا میرے پاس آپ کی امانت ہے، یہ میں آپ کے حوالے کرتا ہوں۔ انگریزنے بٹوے کو کھول کردیکھا تو پیسے بالکل پورے تھے۔ حیران ہو کر وہ سوچنے لگا کہ بٹوا تو دے دیتا مگر اس کے اندر کی کچھ رقم نکال سکتا تھا، مجھے امید تو یہی تھی، یہ کیا ہوا کہ سارے کے سارے پیسے مجھے من وعن واپس کردیئے۔ اس نے اس فقیر سے پوچھا، آخر کیا بات ہے کہ تم نے کچھ بھی پیسے اپنے پاس نہ رکھے؟ وہ معذور فقیر کہنے لگا، بات یہ ہے کہ قیامت کے دن ہر آدمی اپنے نبی کے پیچھے ہوگا، جماعتوں کی صورت میں انبیاء کرام علیہم السلام کے پیچھے چل رہے ہوںگے۔ جب میںنے بٹوا اٹھایا تو میرا جی تو چاہتا تھا کہ میں اسے لے لوں مگر پھر مجھے خیال آیاکہ ہر کام اللہ کے سامنے پیش ہونا ہے۔ اگر میں یہ پیسے رکھ لوں گا اورکل قیامت کے دن میں حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے پیچھے کھڑا ہوں گا اور آپ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیچھے کھڑے ہوںگے، اس وقت ایسا نہ ہو کہ آپ کے نبی میرے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کو گلہ دیں کہ آپ کے امتی نے میرے امتی کے پیسے لے لئے تھے۔ یہ سوچ کر میںنے اس میں کوئی خیانت نہ کی۔ اورآپ کے پیسے میں نے آپ کو لوٹا دیئے ہیں۔ کاش! ہمیں دہلی کے اس معذور فقیر جیسی محبت بھی حضور صلی اﷲ علیہ وسلم سے ہوجاتی۔(ج 2ص112)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

