اکابر کا عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعات
واقعہ1: قطب العالم حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ اپنے دور میں علمائے حق کے سرخیل تھے، ان سے کسی نے پوچھا’’ حضرت! اگر آپ کو معلوم ہو جائے کہ آپ کی ایک دعا قبول ہوگئی تو آپ کیا دعا کریں گے؟‘‘ فرمانے لگے’’ میں دعا کروں گا کہ اے اللہ! حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کو حضورصلی اﷲ علیہ وسلم سے جو عشق و محبت تھا، مجھے بھی اس میں سے کچھ حصہ مل جائے۔۔۔۔‘‘
واقعہ2:حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ جب حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے تشریف لے گئے فراغت کے بعد جب مدینۃ الرسول صلی اﷲ علیہ وسلم کی طرف روانگی ہوئی تو دربار حبیب سے کئی میل دور ہی گنبد خضراء پر نظر پڑتے ہی اپنا جوتا اتار لیا حالانکہ وہاں سے راستہ نوکدار پتھر کے ٹکڑوں سے بھرا تھا مگر آپ کے ضمیر نے گوارا نہ کیا کہ دیار حبیبؐ میں جوتا پہن کر چلا جائے نامعلوم کس مقام پر حضور پر نور صلی اﷲ علیہ وسلم کے اقدام مبارک پڑے ہوں اور میری کیا مجال کہ میں جوتا پہن کر اس مقام پر چلوں۔۔۔۔
واقعہ3: حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی تصانیف سے آج ایک دنیا فیض یاب ہو رہی ہے، ایک مرتبہ فرمانے لگے کہ ایک دن مجھے خیال آیا کہ ہم اتباع سنت کا بہت ذکر کرتے ہیں، مگر اس کا کچھ حصہ ہمارے اعمال میں ہے بھی کہ نہیں ؟ … چنانچہ میں تین دن تک صبح سے رات تک اپنے تمام اعمال کا بغور جائزہ لیتا رہا، دیکھنا یہ تھا کہ کتنی اتباع سنت ہم لوگ عادتاً کرتے ہیں، کتنی اتباع کی توفیق علم حاصل کرنے کے بعد ہوئی اور کتنی باتوں میں اب تک محرومی ہے؟ تین دن تک تمام امور زندگی اور معمولات روز و شب کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان ہو گیا کہ الحمد للہ معمولات میں کوئی عمل خلاف سنت نہیں۔۔۔۔
واقعہ4:مفتی اعظم مولانا مفتی کفایت اللہ صاحب رحمہ اللہ کے ہاں ایک سال دورئہ حدیث میں سوات کے مولوی عبدالحق بھی شریک تھے، انہوںنے رات کو خواب میں سرور دو عالم صلی اﷲ علیہ وسلم کو دیکھا کہ درس حدیث کی مسند پر حضرت مفتی صاحب کی جگہ تشریف فرما ہیں، ریش مبارک سفید ہے اور صحیح مسلم کی ایک حدیث پڑھا کر اس پر محدثانہ تقریر فرما رہے ہیں، عجیب بات یہ تھی کہ مولوی صاحب کو وہ تقریر جاگنے کے بعد بھی ٹھیک اسی طرح یاد رہی جیسے سنی تھی، صبح حضرت مفتی صاحب درس کے لیے تشریف لائے، اپنی مسند پر بیٹھ کر کتاب کھولی تو مولوی عبدالحق نے کہا ’’ حضرت! میں کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں‘‘ اجازت مل گئی تو انہوں نے اپنا رات والا خواب سنایا، وہ سنتے ہی حضرت مفتی صاحب اپنی مسند سے کھڑے ہو گئے، فرمانے لگے ’’ عبدالحق! قبلہ رخ کھڑے ہو کر خدا کو گواہ بنا کر کہو کہ واقعی تم نے خواب میں اسی طرح دیکھا‘‘ مولوی صاحب حکم بجا لائے تو حضرت مفتی صاحب مسند سے ہٹ کر سامنے بیٹھ گئے اور فرمایا ’’ عبدالحق ! تمہارا خواب سچا ہے، اور اس کے بعد حضرت مفتی اعظم چالیس روز تک احتراماً اس مسند پر نہیں بیٹھے، معاملہ اگرچہ خواب کا تھا ۔۔۔۔لیکن بات ادب اور عشق کے اعلیٰ مقام کی تھی!! (اکابر دیوبند اور عشق رسول)(شمارہ ۶۸، ۶۷)
واقعہ5:مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمہ اللہ کے نام سے کون ناواقف ہو گا؟ وہ پشاور ایک سیرت کے جلسے میں تقریر کے لیے گئے، دو دن تقریر کرنی تھی، پہلے دن تقریر کی جو جمی نہیں، فرماتے ہیں ’’ مجھے بھی اپنی تقریر کے نہ جمنے کا احساس تھا، قیام گاہ پر آیا تو دعا کی ایک اضطراری کیفیت طاری ہوئی جو اکثر رنگ لاتی ہے، میں نے خدا کے سامنے اپنے عجز اور نا اہلیت کا اقرار کرتے ہوئے مدد کی دعا کی، دوسرے دن کا جلسہ اصل جلسہ تھا، سردار عبدالرب نشتر بھی تشریف رکھتے تھے … مجھے معلوم نہیں کہ اس وقت مضامین کا ورود کہاں سے ہو رہا تھا اور زبان میں طاقت کہاں سے آ گئی تھی کہ میں خود بھی اس کے زور میں بہہ رہا تھا اور مجمع بھی مسرت و سرشار تھا، دیکھنے والوں نے بتلایا کہ عبدالرب نشتر چہرہ پر رومال رکھے ہوئے تھے اور آنکھ سے آنسو جاری تھے تقریر ختم ہوئی تو بہت سے پٹھان اٹھ کر سامنے آئے اور کہا کہ کیا حکم ہے۔۔۔۔‘‘
واقعہ6:شیخ محمد بن اسلم نے تمام عمر صرف اس خیال سے کبھی تربوز نہیں کھایا کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تربوز کھانے کا انداز ان کو معلوم نہیں ہوا تھا۔۔۔۔
واقعہ7:ایک بزرگ نے ایک مرتبہ سہواً موزہ اول بائیں پائوں میں پہن لیا تو اس کے کفارہ میں جب تک ایک گون گیہوں خیرات نہ کر لئے اس وقت تک چین سے نہ بیٹھے۔۔۔۔ معلوم ہوا کہ کامل اتباع اور پوری سعادت مندی یہی ہے کہ عادتوں میں بھی حضور علیہ السلام کا اقتداء کیا جائے کیونکہ اس میں بے شمار فائدے ہیں اور ذرا سی سُستی میں ایسی نعمت عظمیٰ کا کھو بیٹھنا بیوقوفی ہے۔۔۔۔(راہ جنت)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

