اپنے سے نیچے والے کو دیکھو (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔
ایک حدیث میں رسول کریم سرور دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص ہمیشہ ایسے لوگوں کی طرف نگاہ کرے جو مالی اعتبار سے یا جسم یا صحت کے اعتبار سے اس سے کم تر ہیں تو وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیشہ ناشکری سے محفوظ رہے گا اور شکر گذار بندہ بنے گااور جو شخص ہمیشہ اپنے سے اونچے لوگوں کو دیکھتا رہے کہ اس کا گھر زیادہ شاندار ہے ، اس کے کپڑے زیادہ اچھے ہیں، اس کی سواری زیادہ اچھی ہے ، اس کے پاس پیسے زیادہ ہیں تو ناشکری میں مبتلا رہے گا اس لیے دنیاوی مال و اسباب میں، صحت اور تندرستی میں ہمیشہ اپنے سے نیچے درجے کے لوگوں کو دیکھو تو جب کبھی اپنی کسی تنگی کا خیال آئے کہ مثلاََ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں ، میری مالی حالت کمزور ہے تو ذرا دیکھو کہ اور کتنے ہیں جن کی مالی حالت ہم سے بھی زیادہ کمزور ہے ، تم ان سے بہتر ہو، تمہارے پاس ان سے زیادہ پیسے ہیں تو جب یہ خیال کرو گے کہ الحمدللہ میں ان سے بہتر ہوں تو زبان سے اللہ تعالیٰ کا شکر نکلے گا کہ اے اللہ ! تیرا شکر ہے کہ میں ان سے بہتر ہوں۔اگر دل میں خیال آرہا ہے کہ میں بیمار رہتا ہوں ۔ یہ اکثر و بیشتر ہوتا ہے کہ کچھ نہ کچھ بیماری آتی ہی رہتی ہے تو جب کبھی بیماری آئے تو اپنے سے زیادہ بیمار لوگوں کا تصور کرو کہ کیسی کیسی بیماریوں میں لوگ مبتلا ہیں ۔ اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے تو اس سے نہ صرف صبر آئے گا بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر نکلے گا کہ یا اللہ ! آپ کا فضل و کرم ہے ، مجھے ان جیسا نہیں بنایا ، ان سے بہتر حالت میں آپ نے رکھا ہے ، اس کی طرف دھیان کرو۔
۔ (درسِ شعب الایمان، جلد ۳، صفحہ ۲۰۹)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/