اللہ تعالیٰ سے بار بار مانگا کرو (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ)۔
حضرت ڈاکٹر عبدالحئی عارفی قدس اللہ تعالیٰ سرہ فرماتے تھے کہ اللہ تعالیٰ سے مانگنے کی رٹ لگاؤ، یہ کریم کی عجیب بارگاہ ہے کہ جتنا زیادہ مانگو اتنا ہی اللہ تعالیٰ کو پسند ہے ۔ اس دنیا میں آپ سے کوئی شخص ایک مرتبہ مانگے تو آپ دے دیں گے ، دوسری مرتبہ مانگے تو آپ دے دیں گے ، تیسری مرتبہ مانگے تو آپ دے دیں گے اور چوتھی مرتبہ مانگے تو آپ آخر میں زچ ہوکر اسے کہہ دیں گے کہ چلو جاؤ بھاگو یہاں سے ! لیکن ان کی ایسی بارگاہ ہے کہ اللہ تعالیٰ سے جتنا مانگو اتنا ہی اللہ تبارک و تعالیٰ کو محبوب ہے اور ہر دعا چاہے وہ دنیا کے مقصد کے لیے ہو یا آخرت کے مقصد کے لیے، ہر دعا بذاتِ خود عبادت ہے اور اس پر ثواب ملتا ہے ۔ یااللہ ! میرا قرضہ ادا کر دیجئے ، یا اللہ ! میری بیماری دور کر دیجئے، ہر دعا پر اجر مل رہا ہے ، ہر دعا ایک سبب کے طور پر کی جارہی ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے اللہ جل جلالہ سے تعلق مضبوط ہورہا ہے اور اس کے نتیجے میں اللہ جل جلالہ کی محبت پیدا ہورہی ہے اور ساری امیدیں اللہ تبارک و تعالیٰ سے وابستہ ہورہی ہیں جو محبت کی ایک بہت بڑی علامت ہے۔
۔(درسِ شعب الایمان، جلد ۲، صفحہ ۱۲۹)۔
یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://readngrow.online/category/mufti-taqi-usmani-words/

