اجنبی عورت کی جانب میلان کا علاج
بسلسلہ ملفوظات حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی نور اللہ مرقدہ
ارشادفرمایا کہ مولانا محمد یعقوب صاحب رحمۃ اﷲ علیہ نے میلان الیٰ الاجنبیہ کا جو علاج مشغولی بالزوجہ سے حدیث میں آیا ہے اور اس میں یہ ٹکڑا بطور لم (بات کی تہ)کے ارشاد ہوا ہے کہ ان الذی معھا مثل الذی معھا اس کی عجیب شرح فرمائی تھی ۔ ان حضرات کے یہ علوم مدون نہ تھے۔ فرماتے تھے کہ اشیاء متناولہ کی تین اقسام ہیں۔ایک یہ کہ ان سے صرف دفع حاجت مقصود ہے لذت مقصودنہیںمثلاََ پاخانہ کرنا۔ دوسرے وہ ہیں کہ جن میں صرف لذت مقصود ہے مثلاََ پیاس نہ ہونے کی صورت میں نہایت عمدہ خوشبودار شربت پینا جیسا کہ جنت میں ہوگاکہ یہاںتو صرف لذت مقصود ہے۔ تیسرے وہ ہیں جس میں دونوں سے ترکیب ہے یعنی لذت اور دفع حاجت دونوں مقصود ہیں۔ اور اس کی پھر دو صورتیں ہیں۔ ایک یہ کہ دفع حاجت غالب ہو جیسے طعام میں دفع حاجت غالب ہے گو لذت بھی مقصود ہوتی ہے ۔ اسی واسطے دستر خوان کا عمدہ ہونا ، برتن صاف ہونا بھی مطلوب ہوتا ہے مگر ضروری نہیں۔ اور دوسری صورت یہ ہے کہ لذت غالب ہو جیسے جماع کرنے میں دفع حاجت بھی ہے یعنی دفع فضلات منویہ وغیرہ مگر زیادہ مقصود اس میں لذت ہے تو حضور ﷺ اس حدیث میں ارشاد فرماتے ہیں کہ گو جماع میں زیادہ تر نفس کو لذت مقصود ہوتی ہے مگر تم دوسرا مراقبہ کرلیا کرو کہ دفع حاجت مقصود ہے اور اسی میں راحت ہے اور جب مقصود دفع حاجت ہے تو اس میں اپنی اور بیگانی دونوں عورتیں برابر ہیں۔ اور زانی کو چونکہ لذت مقصود ہوتی ہے اس واسطے ساری دنیا کی عورتیں بھی اگر اس کو میسر ہو جائیں اور ایک باقی رہ جائے تو اس کو یہ خیال رہے گا کہ شاید اس میں اور طرح کا مزہ ہو ۔ اسی واسطے وہ ہمیشہ پریشانی میں رہتا ہے بخلاف اس شخص کے جو دفع حاجت کو زیادہ مقصود سمجھے گا وہ بہت مطمئن ہوگا۔ (صفحہ۴۳۰،اسلامی شادی)
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے یہ ملفوظات نکاح یعنی اسلامی شادی سے متعلق ہیں ۔ ۔ خود بھی پڑھیں اور دوستوں سے بھی شئیر کریں ۔
مزید ملفوظات پڑھنے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
اپنے پاس محفوظ کرلیں ۔
اس طرح کے ملفوظات روزانہ اس واٹس ایپ چینل پر بھی بھیجے جاتے ہیں
https://whatsapp.com/channel/0029VaJtUph4yltKCrpkkV0r
چینل جوائن کریں