اتحاد امت کے لئے مسلکی اختلافات کو ختم کرنے کی ترغیب
ملفوظاتِ حکیم الامت مجددالملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ
ارشاد فرمایا کہ ملتِ بیضاء (مسلمان قوم) کی شیرازہ بندی ( تنظیم) کے لئے اپنے اختلافات کو مٹانا بہت ضروری ہے مگر اس میں کچھ تفصیل ہے۔ وہ یہ کہ جن عقائد میں شرعاً گنجائش ہے اس میں تو دوسروں سے بالکل تعرض ( مخالفت) نہ کیا جائے جیسے حنفی شافعی کا اختلاف۔ اور جن میں گنجائش نہیں جیسے سنی شیعہ کا اختلاف اس میں سکوت ( خاموش ) تو جائز نہیں خصوصاً جبکہ سنّی ادھر ہونے لگیں یا سنّی کو کوئی ادھر لے جانے لگے تو اس وقت تعرض ضروری ہوگا لیکن شفقت و محبت اور خیر خواہی ونرمی سے جیسے اپنا کوئی جوان بیٹا مریض بدپرہیزی کرنے لگے۔ جس طرز سے اس کو بدپرہیزی سے روکا جاتا ہے بس وہ طرز ہونا چاہئے تاکہ آپس میں عداوت ہو کر دوسری مخالفِ اسلام قوتوں کے مقابلہ میں کمزور نہ ہوجائیں۔ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ ملت بیضاء کی شیرازہ بندی (اور اتحاد ملت) کی خاطر اپنے اختلافات کو مٹاکر مسلمانوں کو اس خطرہ سے بچالیں جس کا موجودہ کشمکش کی صورت میں پیش آنا ناگزیر ہو۔
نوٹ:- یہ ملفوظات ڈاکٹر فیصل صاحب (خلیفہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالمتین بن حسین شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ) نے انتخاب فرمائے ہیں۔ اور انکو حضرت مولانا محمد زبیر صاحب (فاضل جامعہ دارالعلوم الاسلام لاہور 2023) نے تحریر فرمایا ہے ۔
یہ ملفوظات آپ ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
براہ مہربانی یہ پوسٹ اپنے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شئیر کریں ۔

