اتباع سنت کا عجیب واقعہ
حضرت مولانا احمد علی صاحب لاہوریؒ سے روایت ہے کہ جب شیخ الاسلام حضرت مدنی رحمہ اللہ آخری حج سے تشریف لا رہے تھے تو ہم لوگ اسٹیشن پر شرف زیارت کے لئے گئے۔۔۔۔ حضرت کے متوسلین میں سے ایک صاحب زادہ محمد عارف ضلع جھنگ دیوبند تک ساتھ گئے۔۔۔۔ ان کا بیان ہے کہ ٹرین میں ایک ہندو جنٹلمین بھی تھا جس کو ضرورت فراغت لاحق ہوئی۔۔۔۔ وہ رفع حاجت کیلئے گیا اور الٹے پائوں بادل ناخواستہ واپس ہوا۔۔۔۔ حضرت مولانا مدنیؒ سمجھ گئے۔۔۔۔ فوراً چند سگریٹ کی ڈبیاں ادھر ادھر سے اکٹھی کیں۔۔۔۔ لوٹا لے کر پاخانہ میں گئے اور اچھی طرح صاف کر کے ہندو سے فرمانے لگے کہ ’’جائیے پاخانہ بالکل صاف ہے‘‘۔۔۔۔ نوجوان نے کہا ’’مولانا۔۔۔۔ میں نے دیکھا ہے۔۔۔۔ پاخانہ بالکل بھرا ہوا ہے‘‘۔۔۔۔ قصہ مختصر وہ اٹھا اور جا کر دیکھا تو پاخانہ بالکل صاف تھا۔۔۔۔ بہت متاثر ہوا اور بھرپور عقیدت کے ساتھ عرض کرنے لگا ’’یہ حضور کی بندہ نوازی ہے جو سمجھ سے باہر ہے‘‘۔۔۔۔
اس واقعہ کو دیکھ کر خواجہ نظام الدین تونسوی مرحوم نے ایک ساتھی سے پوچھا کہ ’’یہ کھدر پوش کون ہے؟‘‘ جواب ملا کہ ’’یہ مولانا حسین احمد مدنیؒ ہیں‘‘ تو خواجہ صاحب مرحوم بے اختیار ہو کر حضرت مدنیؓ کے پائوں سے لپٹ گئے ا ور رونے لگے۔۔۔۔ حضرت نے جلد پائوں چھڑائے اور پوچھا۔۔۔۔ کیا بات ہے؟ تو خواجہ صاحب نے کہا ’’سیاسی اختلاف کی وجہ سے میں نے آپ کے خلاف فتوے دئیے اور برا بھلا کہا۔۔۔۔ آج آپ کے اس اعلیٰ کردار کو دیکھ کر تائب نہ ہوتا تو شاید سیدھا جہنم میں جاتا۔۔۔۔ حضرت مدنیؒ نے فرمایا ’’میرے بھائی! میں نے تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کیا ہے اور وہ سنت یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک یہودی مہمان نے بستر پر پاخانہ کر دیا تھا۔۔۔۔ صبح جلدی اٹھ کر چلا گیا جب اپنی بھولی ہوئی تلوار لینے آیا تو دیکھا حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہ نفس نفیس اپنے دست مبارک سے بستر کو دھو رہے ہیں۔۔۔۔ یہ دیکھ کر وہ مسلمان ہو گیا‘‘۔۔۔۔ (ماہنامہ الرشید)
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
