اتباع سنت کا صحیح طریقہ کار
مفتی اعظم مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ اپنے خطبات میں فرماتے ہیں۔۔۔۔ سیرت طیبہ کیلئے قرآن کریم کا سب سے واضح اور جامع ہدایت نامہ یہ ہے۔۔۔۔
لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُوْا اللّٰہَ وَالْیَوْمَ الْآخِرَ وَذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْراً
’’بلا شبہ تمہارے لئے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی حیات طیبہ میں بہترین نمونہ ہے ان لوگوں کیلئے جو اللہ (کی رحمت) اور یوم آخرت سے امید رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کو کثرت سے یاد کرتے ہیں۔۔۔۔‘‘
اس آیت نے ہمارے سامنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات و مقالات پڑھنے اور سننے کے مقصد کو واضح کیا ہے اور اس کا حاصل یہ ہے کہ سردار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات و مقالات کو عام دنیا کے بادشاہوں، فلسفیوں، دانش وروں اور لیڈروں کی طرح محض ایک تاریخ اور سوانح نہ سمجھا جائے بلکہ درحقیقت سیرت طیبہ ایک عملی قرآن کا نام ہے جس میں تمام اسلامی تعلیمات اور ان پر عمل کرنے کے طریقے سموئے ہوئے ہیں۔۔۔۔ وہ ایک صبغتہ اللہ‘‘ (خدائی رنگ) ہے جس میں پوری دنیا کو رنگنے کیلئے آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم تشریف لائے تھے۔۔۔۔ یہ وہی ’’صبغتہ اللہ‘‘ ہے جس کی معجزانہ تاثیر نے بڑی بڑی طاقتوں کے مقابلے اور ہزار ہا مخالفتوں کے نرغے میں رہتے ہوئے صرف تئیس سال کی مختصر مدت میں پورے جزیرہ عرب کو مسخر کر لیا اور خود آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد انسان جن میں مرد عورت اور چھوٹے بڑے سب شامل ہیں، اس رنگ میں ایسے رنگے گئے کہ ان کے دیکھنے والوں پر بھی پہلی نظر ہی میں یہ رنگ چڑھنے لگتا تھا۔۔۔۔ ان کی شان یہ تھی کہ اَلَّذِیْنَ اِذَا رَاَوْاذَکَرُ اللّٰہَ یعنی جب ان پر نظر پڑتی ہے تو خدا یاد آتا ہے۔۔۔۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اتباع سنت
حضرات صحابہؓ کے ایک ایک فرد کا حال یہ تھا کہ اپنے رہن سہن، نشست و برخاست، سونے جاگنے اور کھانے پینے کے تمام احوال میں ان کو کوئی ایسی چیز برداشت نہیں تھی جو سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہو۔۔۔۔ ان حضرات کا حال یہ تھا کہ انہوں نے خواہ کسی کام کا کتنا پختہ عزم کر رکھا ہو۔۔۔۔ کسی مقصد کیلئے خواہ کتنا مستحکم منصوبہ بنا رکھا ہو، اگر ان کو یہ معلوم ہو جاتا کہ یہ عمل سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہے تو اس پورے منصوبہ کو چھوڑ دینے میں انہیں مطلق تامل نہیں ہوتا تھا اور اس کیلئے انہیں بڑی سے بڑی قربانی بھی گوارا تھی۔۔۔۔
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M