ائمہ اربعہ رحمہم اللہ اور ان کے اختلافات
حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:۔
۔’’اگر امام ابو حنیفہ‘ امام شافعی‘ امام مالک و امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ میں اختلافات ہیں تو وہ حق و باطل کے نہیں ہیں کہ ایک سمت حق ہو اور دوسری سمت باطل ہو ایسا ہرگز نہیں بلکہ وہ خطا اور صواب کے اختلافات ہیں کہ ایک طرف صواب ہے اور دوسری طرف خطا لیکن ساتھ میں یہ قید بھی لگی ہوئی ہے کہ یہ صواب ہے مگر احتمال ہے کہ خطا بھی ہو اور یہ خطا ہے مگر احتمال ہے کہ صواب بھی ہو۔
اس لئے حق تمام ائمہ اربعہ کے اندر دائر و سائر ہے اور تمام کے تمام نجوم ہدایت ہیں جس کا دامن آپ تھام لیں گے ان شاء اللہ نجات ہو جائے گی۔ اگر کوئی شافعی المسلک ہے تو وہ بھی نجات یافتہ ہے‘ اگر کوئی حنفی ہے تو وہ بھی نجات کے مراتب طے کر رہا ہے اگر کوئی مالکی یا حنبلی ہے وہ نجات کے راستے پر جا رہا ہے اور سب اللہ و رسول کی طرف دوڑ رہے ہیں اس لئے کہ سب کی بنیاد ایک ہے اور وہ ہے ’’کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ ‘‘ البتہ استخراج مسائل میں اصول الگ الگ ہو گئے ہیں۔‘‘۔
(ماخوذ از خطبات حکیم الاسلام)
